اسلام آباد (این این آئی) پی ڈی ایم کے لانگ مارچ کے اعلان کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے ورکرز کی سطح پر جوابی حکمت عملی تیار کرلی،پی ٹی آئی کارکنوں نے پورے ملک میں ”میں بھی عمران خان ہوں“ مہم شروع کردی، مہم کے ذریعے وزیر اعظم کی پالیسیوں پر شہریوں کا اعتماد حاصل کیا جائیگا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان
تحریک انصاف نے پی ڈی ایم کے لانگ مارچ کے اعلان کے بعد ورکرز کی سطح پر جوابی حکمت عملی تیار کرلی ہے۔ لانگ مارچ کے اعلان کے بعد تحریک انصاف کے کارکنوں کی کپتان کے لیے محبت اور بھی بڑھ گئی ہے،تحریک انصاف کے سپورٹرز سیاسی میدان میں کپتان کے حق میں پورے زور سے سرگرم ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق تحریکِ انصاف کے کارکنوں نے اپوزیشن کی حکومت مخالف تحریک اور لانگ مارچ کا توڑ نکالتے ہوئے پورے پاکستان میں ”میں بھی عمران خان ہوں“مہم شروع کردی ہے،مہم کی کامیابی کیلئے تمام سوشل میڈیا ٹولز استعمال کیے جائیں گے خواٹس ایپ، فیس بک،ٹویٹرز،یوٹیوب،اور انسٹا گرام سمیت ہر فورم پر مہم چلائی جائے گی،مہم کے ذریعے وزیر اعظم عمران خان کی پالیسیوں پر شہریوں کا اعتماد حاصل کیا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی ہر کا رکن “میں بھی عمران خان ہوں “مہم میں سرگرم کردار اداکریگا،میں بھی عمران خان ہوں مہم کا آغاز پی ٹی آئی کے دیرینہ ورکرز،شہزاد گل اور طارق دین نے کیا ہے۔ذرائع کے مطابق مہم کے تحت وزیر اعظم کے فلاحی منصوبوں، معاشی میدان میں کامیابیوں،کورونا وباپر قابو پانے کی حکمت عملی،15سو ارب ریلیف پیکیج،بیرونی قرضوں کی بمع سود واپسی، نئے قرض نہ لینے کے بارے میں آگاہ کیا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق
وزیراعظم کے احساس پروگرام کے ذریعے غریبوں کا سہارا بننے،50لاکھ گھروں کا منصوبہ، کتنے لوگوں کو چھت ملی، زیر تعمیر گھر کتنے، سب سامنے لایا جائیگا۔10بلین ٹری سونامی منصوبہ، صحت سہولت کارڈ،نوجوانوں کیلئے قرضوں بارے مہم چلائی جائیگی،امپورٹ، ایکسپورٹ، ادارہ جاتی اصلاحات کو عوام کی
سطح پر اجاگر کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق ملکی داخلی سیکورٹی،خارجہ محاذ پر کامیابیوں کو مہم کا حصہ بنایا جائے گا،افغان امن عمل، فاٹا کا انضمام، ترقیاتی منصوبوں کو اجاگر کیا جائیگا۔احتساب کے عمل اور کرپٹ سیاستدانوں سے متعلق زیر وٹالرینس کی کپتان کی پالیسی سامنے لائی جائیگی۔مسئلہ کشمیر کو عالمی فورم پر
اٹھانے، مسلم امہ کی نمائندگی، ریاست مدینہ کا ڈھانچہ،قبضہ مافیا سے اراضی واگزار کرانے، جعلی ہاؤسنگ سوسائٹیز کیخلاف کارروائی بھی مہم میں شامل ہے۔اوورسیز پاکستانیوں کیلئے نئی پالیسیوں، کسانوں کو ریلیف، شوگر کرائسز تحقیقات کو بھی اٹھایا جائے گا۔حکومتی میدان میں ہر کامیابی کوعوام کے سامنے لاکر ان سے”میں بھی عمران خان ہوں“کہلوایا جائے گا۔