اسلام آباد (این این آئی) غوری ٹائون کے مالک چوہدری عبد الرحمن نے اپنی حراست کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق غوری ٹائون کے مالک چودھری عبد الرحمن نے اپنی حراست کو ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔ اپنی درخواست میں چودھری عبدالرحمن نے
موقف اختیار کیا ہے کہ بزنس مین ہوں ،ٹیکس دیتا ہوں ،مقدمے بھی جھوٹے ہیں ،کسی میں ابھی سزا بھی نہیں ہوئی۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ صرف ایف آئی آر ہونا تین ایم پی او کے تحت نظر بندی کے زمرے میں نہیں آتا۔ انہوں نے استدعا کی ڈپٹی کمشنر کا تین ماہ تک حراست میں رکھنے کا حکم نامہ کالعدم قرار دیا جائے،عدالت تین ایم پی او کے تحت جیل میں نظر بندی ختم کر کے رہا کرنے کا حکم دے۔واضح رہے کہ وزیراعظم کے حکم پر وفاقی پولیس نے قبضہ مافیا کیخلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے غوری ٹائون کے مالک چودھری عبدالرحمن کو گرفتار کر کے تین ماہ کیلئے اڈیالہ جیل منتقل کر دیا تھا ،اس حوالے سے احکامات ڈی سی اسلام آباد حمزہ شفقات کی جانب سے جاری کئے گئے تھے۔اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ چودھری عبدالرحمن کیخلاف مختلف اوقات میں 7مقدمات درج کئے گئے ہیں،ملزم کیخلاف غیر قانونی اسلحہ رکھنے،دھمکیاں دینے، ہراسگی کی شکایات بھی درج ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق فیصلہ عوامی مفادات اور امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ہے۔