لاہور( این این آئی/آئن لائن )شالیمار کے علاقے میں پیش امام کے اندھے قتل کا معمہ حل ہو گیا ، پولیس نے گرفتار ملزم کے انکشاف پر مقتول کی بیوی کو بھی گرفتار کر لیا ۔تفصیلات کے مطابق شالیمار کے علاقے میں امام مسجد کے قتل میں ملوث ملزم اشرف کو پولیس نے گرفتار کیا تھا جس نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ اس نے مقتول امام مسجد کی بیوی کے ساتھ مل کر امام مسجد کو قتل کیا،
پولیس نے ملزم کے انکشاف پر ملزمہ نادیہ کو گرفتار کر لیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم اشرف اور نادیہ نے پہلے مقتول کے سر پر اینٹیں ماریں اور پھر اشرف نے مقتول کی گردن پر چھری چلائی ،ملزمان نے اپنا ناجائز تعلق چھپانے کے لئے امام مسجد کو قتل کیا ۔یاد رہے کہ چند روز قبل شالیمار کے علاقہ ملتان کالونی میں نامعلوم افراد نے امام مسجد آصف کو قتل کردیا تھا، ملزمان نے تیز دھار آلے سے مقتول کا گلہ کاٹ دیا تھا۔۔واضح رہے کہ لاہور کی ملتانی کالونی کی شالیمار مسجد کے امام کو نامعلوم افراد نے گلا کاٹ کر قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق لاہور کی ملتانی کالونی میں واقع شالیمار مسجد سے ملحقہ کوارٹر سے ایک شخص کی لاش لی ہے، پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کردیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کی شناخت آصف ولد مرید حسین کے نام سے ہوئی ہے اور شالیمار مسجد میں امام تھے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق گزشتتہ رات نامعلوم افراد آصف سے کوارٹر میں ملنے آئے تھے۔ ان ہی افراد نے آصف کا تیز دھار آلے سے گلا کاٹا اور فرار ہوگئے۔ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلئے گئے ہیں ، جلد ہی ملزمان کا سراغ مل جائے گا ۔دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے لاہور کے علاقے شالیمار میں امام مسجد کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور واقعہ میں ملوث ملزمان کی جلد سے جلد گرفتاری کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ مقتول امام مسجد کے لواحقین کو ہر قیمت پر انصاف فراہم کیا جائے۔