لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) محکمہ ہائیر ایجوکیشن پنجاب میں نئے دور کے آغاز کے ساتھ محکمانہ اصلاحات متعارف کروائی جارہی ہیں۔ چونکہ یہ محکمہ پنجاب میں اعلی تعلیم کے فروغ کیلئے سب سے اہم شعبے کی حیثیت رکھتا ہے، صوبائی سیکرٹری ندیم محبوب نے محکمے کے
مختلف شعبوں کے سرپرائز وزٹ کا آغاز کیا ہے اور مختلف سیکشنز میں جائزہ اجلاس بھی طلب کئے ہیں۔ اسی سلسلے میں صوبائی سیکرٹری نے ڈی پی آئی اور ڈائریکٹرز کی پرفارمنس کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کی اور ندیم محبوب نے ایچ ای ڈی کے ٹریننگ سینٹر کی تعمیر کیلئے مجوزہ سائٹ کا دورہ بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ آف دی آرٹ ٹریننگ سینٹر جدید دور کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے بنایا جائے گا۔ متعلقہ افسران کو احکامات جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈی پی آئی آفس میں محکمانہ اصلاحات کے ساتھ ساتھ سروس ڈیلیوری میں بہتری لائی جائے۔ اجلاس میں ڈی پی آئی آفس کی تجدید نو کے حوالے سے سفارشات پر بھی غور کیا گیا۔