اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )اسلام آباد سری نگر ہائی وے سگنل پر ٹریفک حادثے میں 4 افراد کی ہلاکت کے مقدمے میں نامزدکشمالہ طارق کے بیٹے اذلان کی عبوری ضمانت منظورکر لی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج محمد سہیل نےکشمالہ طارق کے بیٹےاذلان کی عبوری ضمانت منظورکی ہے ۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج نے پولیس کو ملزم اذلان کی
گرفتاری سے روک دیا، اذلان خان کی16 فروری تک عبوری ضمانت 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی گئی ہے۔قبل ازیں اسلام آباد میں پیش آنے والے خوف ناک حادثے سے متعلق وفاقی محتسب برائے ہراسانی کشمالہ طارق نے کہا ہے کہ زبردستی سارا مدعا بیٹے پر ڈالا جارہا ہے،ڈرائیور سے گاڑی کنٹرول نہیں ہوئی،یہ ایک خوفناک حادثہ تھا، جو بچے جان سے گئے ان کیلئے دل بہت پریشان ہے۔ اپنے بیان میں کشمالہ طارق نے کہا کہ ان کا بیٹا پچھلی گاڑی میں تھا، وہ اور ان کے شوہر ایک گاڑی میں تھے، زبردستی سارا مدعا ان کے بیٹے پر ڈالا جارہاہے، ڈرائیور سے گاڑی کنٹرول نہیں ہوئی،یہ ایک خوفناک حادثہ تھا، جو بچے جان سے گئے ان کیلئے دل بہت پریشان ہے۔کشمالہ طارق نے کہاکہ ان کا بیٹا اور شوہر سب تھانے بھی گئے تھے، انصاف ہوگا تاہم ناحق کسی کے بچے کو نہ لپیٹیں، کشمالہ طارق نے کہاکہ وہ بالکل بھی نہیں بھاگے بلکہ ایمبولینس بھی خود بلائی تھی۔کشمالہ طارق نے بتایا کہ ’ہم کل لاہور سے شام 7 بجے کے قریب نکلے،ہم نے ساڑھے10 بجے کے قریب ٹول پلازہ کراس کیا،ہم دو گاڑیوں میں سوار تھے، میں اور میرے شوہر ایک گاڑی میں تھے،کشمیر ہائی وے پر پہنچے تو ایک دم ہمیں جھٹکا لگا اورچوٹ لگی، ڈرائیور سے گاڑی کنٹرول نہیں ہوئی، خوفناک حادثہ تھا۔