لاہور(این این آئی) وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل سے درخواست ہے کہ اپنی رپورٹ کا اردو ترجمہ بھی ساتھ ہی شائع کیا کریں۔ پیپلز پارٹی اور ن لیگ ہر بار ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ سامنے آنے پر مغالطے کا شکار ہو جاتے ہیں۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ اس دفعہ بھی اپوزیشن اپنے دور اقتدار کے دوران مختلف اداروں سے کرپشن کے حوالے سے جمع کیے گئے ڈیٹا پر لڈیاں ڈال رہی ہے جبکہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے دراصل اپنے اعلامیے میں کرپشن کے خلاف موجودہ حکومت کے اقدامات کی تعریف کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نیب نے گزشتہ دو سال میں 363 ارب اور پبلک اکانٹس کمیٹی نے گزشتہ دو سال میں بازیاب کردہ 300 ارب روپے کی خطیر رقم قومی خزانے میں جمع کرائی۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ حکومت پر بے سر و پا تنقید کرنے سے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے دامن پر لگے کرپشن کے داغ نہیں مٹ سکتے۔ بلاول زرداری اور بیگم صفدر اعوان کا الیکشن کمیشن سکروٹنی کمیٹی کے سامنے پیش نہ ہونا ان کے کرپٹ ہونے کا واضح ثبوت ہے۔ صوبائی وزیر جیل خانہ جات نے یہ بھی کہا کہ ہمیشہ سے ایک دوسرے کے مخالفین اپنی کرپشن کی دم پر پاں آنے پر اب شیر و شکر ہو گئے ہیں لیکن اپوزیشن جتنے مرضی جتن کر لے، وزیراعظم عمران خان سے این آر او نہیں ملے گا۔