اسلا آباد (این این آئی)پیپلز پارٹی ان ہاؤس تبدیلی کی تجویز پر ڈٹ گئی، 4 فروری کو ہونے والے پاکستان ڈیموکریٹ موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ اجلاس میں ان ہاؤس تبدیلی کے حوالے سے نمبر گیم اور ورکنگ پلان پیش کرے گی۔ بلاول بھٹو زرداری پی ڈی ایم کے قائدین کو اس حوالے سے اعتماد میں لیں گے۔ اجلاس میں لانگ مارچ، پی ڈی ایم کی ریلیوں اور سینیٹ انتخابات کے حوالے سے
بھی مشاورت ہوگی۔خیال رہے کہ گزشتہ روز مریم نواز نے کہا تھا کہ ان ہاؤس تبدیلی کی بات کرنے والی پیپلز پارٹی کے پاس اگر نمبرز ہیں تو وہ شو کرے۔دوسری جانبپاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات شازیہ عطا مری کا ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی جاری کردہ نئی رپورٹ سے متعلق کہا ہے کہ ثابت ہوگیا ڈھائی سال وزیر اعظم عمران خان نے صرف بدعنوانی کی سر پرستی کی ہے۔شازیہ مری نے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ رپورٹ پر عمران خان اقتدار میں رہنے کا اخلاقاً جواز کھو چکے ہیں، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل رپورٹ کے ترانے پڑھنے والے رپورٹ پر لب کشائی کیوں نہیں کر رہے۔شازیہ مری نے کہا کہ ماضی میں عمران خان ٹرانسپیرنسی کی رپورٹیں لہرا کر حکومتوں کو گھر جانے کا کہا کرتے تھے، 2018ء تک عمران خان ٹرانسپیرینسی انٹرنیشنل رپورٹ پر واویلا کرتے نہیں تھکتے تھے۔انہوں نے کہا کہ نیازی سرکار کے دور میں ملک کا عالمی سطح پر بدعنوانی کا نمبر 117 سے 124 پر آ گیا ہے، نیب نے ڈھائی سال سے جاری وفاقی حکومت کی بدعنوانی پر کتنے ریفرنس بنائے ؟شازیہ مری نے کہا کہ عالمی ادارے کی رپورٹ سے واضح ہے کہ عمران خان اور کرپشن کا گھٹ جوڑ ہے، ڈھائی سال میں بدعنوانی تاریخی سطح پر پہنچ گئی، بدعنوان وفاق حکومت نے غریب کی چینی میں بھی کرپشن کی۔انہوںنے کہاکہ بدعنوان وفاقی حکومت ملک کی گندم بھی کھا گئی، نیازی سرکار کے دور میں بدعنوانی انڈیکس میں بھی پاکستان کو صرف بدنامی کا سامنا ہے۔