اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)نیپرا نے بجلی کی قیمت میں ساڑھے 3 روپے فی یونٹ اضافہ کرنے کا عندیہ دیا ہے ،میڈیا رپورٹس کے مطابق تقسیم کار کمپنیوں کے لیے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی عوامی سماعت میں نیپرا کے کیس افسران نے وضاحت کی کہ ملک بھر میں بنیادی ٹیرف
میں ایک روپے 95 پیسے فی یونٹ اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا جبکہ مزید ایک روپے 30 پیسے سے ایک روپے 60 پیسے فی یونٹ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ اس بیس پرائس اضافے کے اوپر ہوگی،بیس ٹیرف میں ایک روپے 95 پیسے کے اضافے سے تقریبا ً2 کھرب روپے سالانہ حاصل ہوں گے اور اس کا اطلاق کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی ہوگا ،دوسری جانب دسمبر 2020 کے لیے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ سے ایک ماہ میں 9 سے 10 ارب روپے حاصل ہوں گے جس کا اطلاق کے الیکٹرک کے سوا دیگر تمام تقسیم کار کمپنیوں پر ہوگا،کیس افسران نے یہ بھی واضح کیا کہ ٹیرف میں اضافے کا اطلاق فروری کے بل سے ہوگا جبکہ ناکافی شواہد کی بنا پر چند ماہ سے زیر التوا 51 ارب روپے کی گزشتہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ بھی مناسب وقت پر صارفین کو منتقل کردی جائے گی ،عوامی سماعت کی صدارت کرنے والے توصیف ایچ فاروق نے کہا کہ ریگولیٹر ایندھن کے مرکب سے متعلق اعداد و شمار کی جانچ پڑتال کرے گا لیکن امید ظاہر کی کہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ ایک روپے 30 پیسے سے ایک روپے 60 پیسے کے درمیان ہی ہوگی اور حتمی فیصلہ آئندہ چند میں کرلیا جائے گا۔