کراچی (این این آئی) گورنر سندھ کی گاڑی میں کتے کی سواری کی ویڈیو منظر عام پر آگئی۔ پاکستان تحریک انصاف وہ جماعت ہے جس نے وی آئی پی پروٹوکول کی ہمیشہ ہی مخالفت کی اور جب یہ حکومت میں آئی تو اس نے سادگی کا نعرہ لگایالیکن ان کی سادگی کے نعروں کی
حقیقت اس وقت کھل کر سامنے آگئی جب گورنر سندھ عمران اسماعیل کی گاڑی میں کتے کی سیرو سیاحت کی ویڈیو منظر عام پر آئی ہے۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گورنر ہائوس کی گاڑی میں پالتو کتا شہر کی سڑکوں کی سیر کر رہا ہے۔ اس کتے کو پولیس کا پروٹوکول بھی حاصل ہے اور ایک پولیس موبائل اس کے پیچھے پیچھے چل رہی ہے۔ گورنر ہائوس کی لینڈ کروزر گاڑی جی ایچ 0070 میں کتے کو لے جایا جارہا تھا۔گاڑی کی پچھلی سائیڈ کا شیشہ اترا ہوا اور اس سے کتا باہر کے مناظر سے لطف اندوز ہورہا ہے۔یہ وائرل ویڈیو کسی عام شہری نے نہیں بلکہ سندھ کے وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی تیمور تالپور نے خود اپنے موبائل پر اس وقت بنائی جب انہوں نے اپنی گاڑی سے کتے کی عیاشیوں کے مناظر دیکھے۔سندھ کے صوبائی وزیر تیمور ٹالپر پچھلی گاڑی میں سوار تھے ۔ انہوں نے گاڑی کی نمبر پلیٹ کی نشاندہی کرکے بتایا کہ یہ گورنر ہائوس کی گاڑی ہے۔انہوں نے کتے کو پروٹوکول دینے والی پولیس موبائل کو بھی عکس بند کیا ہے۔