کراچی(این این آئی)پاکستان ریلوے ہیڈ کواٹر میں آئی ٹی کا بڑا بریک ڈاؤن ،سسٹم میں خرابی دوسرے روز بھی دور نہ ہو سکی ،آئی ٹی ماہرین تاحال فالٹ تلاش کرنے میں مصروف رہے ،چیف کمرشل مینیجر فاروق اقبال ملک آئی ٹی سرور روم میں موجود رہے ،سسٹم میں فالٹ کے باعث ملک بھر کے ٹکٹ بکنگ آفس پرعوام شدید مشکلات کا شکاررہے ۔ڈی سی او راولپنڈی ریلوے میاں فضل الٰہی کے
مطابق ریلوے کو دوسرے روز بھی بکنگ کی مد میں کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا،پہلے سے موجود بکنگ یاکرنٹ ٹکٹ پر مسافر سفر کر سکتے ہیں۔پاکستان ریلوے کا ریزرویشن سسٹم 24 گھنٹے سے زائد وقت گزرنے کے بعد بھی بحال نہ ہوسکا،پاکستان ریلویز کے آئی ٹی سرور میں خرابی سے ملک بھر میں ٹکٹوں کا روایتی اور آن لائن بکنگ کا عمل رک گیا۔ٹرینوں کی ٹکٹ بکنگ کا عمل گزشتہ روز رک گیا تھا جسے اب تک ٹھیک نہیں کیا جا سکا۔ مسافروں کو ٹکٹوں کے حصول میں پریشانی کا سامنا ہے۔آئی ٹی سرور میں فنی خراب کے بعد ریلوے کی ٹکٹوں کے حصول سے متعلق ویب سائٹ بھی بند ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلوے کا ریزرویشن سسٹم 24 گھنٹے سے زائد وقت گزرنے کے بعد بھی بحال نہ ہوسکا، ریلوے کا بکنگ سسٹم گزشتہ روز بیٹھ گیا تھا۔ریلوے حکام کے مطابق ملک بھر کے تمام ریلوے اسٹیشنز کا شعبہ آئی ٹی مفلوج ہوگیا ہے جبکہ آئی ٹی ماہرین کی ٹیم سرور میں ہونے والی خرابی کو دور کرنے لیے کوشاں ہیں۔ذرائع کے مطابق ریلوے کا شعبہ آئی ٹی اپنے ہی سسٹم کی خرابی گھنٹوں گزرنے کے بعد بھی تلاش نہ کرسکا، ذرائع کے مطابق بکنگ سسٹم بحال کرنے کے لیے نجی شعبے کے آئی ٹی ایکسپرٹ کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم ریلوے حکام نے مسئلے کے حل کے لیے کوئی مقررہ وقت نہیں دیا۔دوسری جانب ٹکٹ کائونٹر اور آن لائن بکنگ بند ہونے سے ریلوے کو اب تک لاکھوں روپے کا نقصان ہوچکا ہے۔ذرائع نے بتایاکہ مبینہ طور پر بکنگ سسٹم دینے والی کمپنیوں کو بروقت ادائیگی نہ کرنے پر نظام خراب ہوا۔ ڈرائیور کنٹرولڈ آپریشن(ڈی سی او)ناصر نذیر نے بتایاکہ ریلوے ہیڈ کوارٹر میں ڈیٹا بیس کریش ہوا جو جلد ٹھیک ہوجائے گا۔یاد رہے کہ ریلوے کا بکنگ سسٹم گزشتہ روز 8 بجے سے بند ہے، گزشتہ روز ریلوے گارڈز ریزرویشن چارٹ کے بغیر ٹرینوں میں روانہ ہوئے۔ریلوے کے کمپیوٹر سسٹم کے بند ہونے کا معاملہ مزید سنگین ہو گیا ،آئی ٹی ماہرین نے ریلوے آئی ٹی سسٹم میں ہیکنگ کے خدشات کا اظہار کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ریلوے کے آئی ٹی سسٹم میںپیدا ہونے والی خرابی کو دوسرے روز بھی ٹھیک نہ کیا جا سکا جس کے باعث ٹکٹوں کی بکنگ سمیت دیگرمحکمانہ اموربری طرح متاثررہے۔بتایا گیا ہے کہ آئی ٹی سرور کا سافٹ ویئر بھی خراب ہو گیا، سافٹ ویئر خراب ہونے سے 3ماہ کا ڈیٹا غائب ہو گیاجس کے باعث ریزرویشن دفاتر میں ٹکٹوں کی بکنگ کا عمل بحال کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے ۔