اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )بین الاقوامی شہرت یافتہ شاعر اور ادیب ڈاکٹر ریحان اعظمی کراچی میں انتقال کرگئے ہیں۔اہل خانہ کے مطابق گزشتہ سال دسمبر میں طبیعت ناسازی پر ریحان اعظمی کو اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ کچھ روز زیر علاج رہنے کے بعد
گھر واپس آگئے تھے۔نجی ٹی وی سماء کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں 7 جولائی 1958 میں پیدا ہونے والے ڈاکٹر ریحان اعظمی نے 1974 میں شاعری کا آغاز کیا۔ انہوں نے بطور نغمہ نگار 4000 سے زائد نغمات سپرد قلم کیے۔ ان کے مشہور گانوں میں ہوا اے ہوا، ’خوشبو بن کر مہک رہا ہے سارا پاکستان وغیرہ شامل ہیں، تاہم یہ سلسلہ زیادہ نہ چل سکا اور ڈاکٹر ریحان اعظمی حمد و سلام، منقبت، مرثیہ اور نوحہ کی جانب مرکوز ہوگئے اور اپنی شاعری میں انہوں نے مذہب کو اہمیت دی۔جدید اردو ادب کی تاریخ کراچی سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر ریحان اعظمی کے ذکرکے بغیر نامکمل ہے۔