اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ اگر فارن فنڈنگ کیس کی تحقیقات کی جائیں تو عمران خان کا فالودہ نکلے گا، غیر ملکی فنڈنگ کیس کی تحقیقات فوری مکمل ہونی چاہیے، غیرملکی فنڈنگ کیس پرعمران خان 6 سال سے این آر او پر ہیں۔بدھ کو الیکشن کمیشن کے دفتر کے میڈیا سے
گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ غیر ملکی فنڈنگ کیس کی تحقیقات فوری مکمل ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ غیرملکی فنڈنگ کیس پرعمران خان 6 سال سے این آر او پر ہیں،امید کرتے ہیں کہ الیکشن کمیشن شفاف انداز میں فارن فنڈنگ کیس کا معاملہ نمٹائے گا۔انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس کی تحقیقات کی جائیں تو عمران خان کا فالودہ نکلے گا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی بھی مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی پر پرچے کاٹ رہی ہے، جب اس کیس کا فیصلہ ہوگا تو 24 گھنٹے میں ان کی نااہلی ہو گی۔ دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ براڈ شیٹ معاملے نے ایک بار پھر بنارسی ٹھگوں کو بے نقاب کر دیا ہے،قومی خزانے کو بے رحمی سے لوٹنے والوں کو حساب دینا ہوگا،ماضی میں ان کرپٹ عناصر کو این آر او نہ ملتا تو ملک کا اتنا نقصان نہ ہوتا۔بدھ کو ٹویٹر پر اپنے بیان میں وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ براڈ شیٹ معاملے نے ایک بار پھر بنارسی ٹھگوں کو بے نقاب کر دیا ہے،یہ کیس یاد دلاتا ہے کہ کس طرح ذاتی مفاد کی خاطر ملکی مفاد کا سودا کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی خزانے کو بے رحمی سے لوٹنے والوں کو حساب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ان کرپٹ عناصر کو این آر او نہ ملتا تو ملک کا اتنا نقصان نہ ہوتا۔