برسلز (نیوزڈیسک)جرمنی میں سمندر پار پاکستانیوں کے بین الاقوامی فورم نے یورپی پارلیمنٹ کے تعاون سے 25 اکتوبر کو برسلز میں ایک بڑی کانفرنس کا منصوبہ بنایا ہے۔ جس کا مقصد انتہاپسندی کو روکنا اور پاکستان کو درپیش تعلیم جیسے اہم ایشوز اور پاکستان کو ایک بہتر معاشرہ بنانا ہے۔ اس کانفرنس کا انعقاد یورپی پارلیمنٹ اور پاکستان اوورسیز ایسوسی ایشن فورم انٹرنیشنل مل کرکریں گے۔ افتتاح یورپی پارلیمنٹ کے صدر مارٹن شلز کریں گے۔ شرکاء میں پاکستان کے سینئر سیاستدان، میڈیا و تعلیمی ماہرین، کاروباری و صنعتی طبقے کے نمائندے، اسکالرز، فنکار اور سماجی کارکن شامل ہوں گے۔ جرمنی میں ایک کامیاب بزنس مین سید خرم جو چیف آرگنائزر ہیں، ان کے مطابق مجوزہ کانفرنس کا مقصد یورپی معاشروں سے حاصل تجربوں کو اپنے ملک میں بروئے کار لانا ہے تاکہ عوام میں تعلیم، شعور اور آگہی کو اُجاگر کیا جا سکے۔