پشاور(آن لائن ) خیبر پختونخوا اسمبلی میں پاکستان مسلم لیگ نواز کے پارلیمانی لیڈر سردار اورنگزیب نلوٹھا اپنے ہی استعفے سے مکر گئے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق سردار اورنگزیب اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق غنی کو بھیجے گئے استعفیٰ سے مکر گئے ہیں۔اس حوالے سے انہوں نے اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق غنی سے رابطہ کیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق
سردار اورنگزیب نے خیبر پختونخوا اسمبلی کو بھیجے گئے استعفیٰ سے لاتعلقی ظاہر کردی ہے۔ دوسری جانب اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق غنی کا کہنا ہے کہ استعفیٰ اسپیکر آفس کو بذریعہ ڈاک ملا جس کا ریکارڈ موجود ہے۔ سردار اورنگزیب کے دستخط کی تصدیق کرائی جائے گی۔اسپیکر مشتاق غنی کے مطابق سردار اورنگزیب نلوٹھا کو ایک ہفتے کا وقت دیا گیا ہے کہ وہ خود پیش ہوکر استعفیٰ کی تصدیق کریں۔خیال رہے کہ گزشتہ روز اسپیکر قومی اسمبلی نے پاکستان مسلم لیگ نواز کے 2 ارکان قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی اور محمد سجاد کو استعفوں کی منظوری کے لیے طلب کرلیا تھا۔ اس حوالے سے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے مراسلہ جاری کردیا تھا۔جاری مراسلے میں کہا گیا تھا کہ ممبران اپنے استعفوں کی تصدیق کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی کے سامنے پیش ہوں۔اسپیکر قومی اسمبلی کے سامنے پیش ہونے سے قبل دونوں ارکان سیکریٹریٹ کو بھی اپنی پیشی کی تاریخ سے ا?گاہ کریں۔ اس سے قبل اسپیکرپنجاب اسمبلی نے ن لیگی اراکین کے استعفے منظور نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا تھا۔