اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما جاوید لطیف نے معروف و سینئر صحافی جاوید چودھری سے نجی ٹی وی چینل میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کٹوں سے، انڈوں، مرغیوں، بکریوں اور شہد سے لوگوں کی قسمت بدلنا چاہتے ہیں تو ایک ہی
دفعہ قوم پر احسان عظیم کیوں نہیں کرتے کہ ایک ہی بار نسخہ بتا دیں کہ علیمہ باجی نے سلائی مشین کے ذریعے اربوں روپے کمایا، وہ بتا دیں لوگوں کو۔ ایک ہائی کورٹ کے معزز جسٹس نے کہا کہ جو اثاثے ایف بی آر کو ڈیکلیئر کئے ہوں ان کی تحقیقات ہونا مناسب نہیں ہے، ثاقب نثار کے ذریعے صادق امین ٹھہرے وزیراعظم لگا دیے گئے، جنہوں نے ایف بی آر میں اپنے اثاثے ڈیکلیئر ظاہر کئے ہیں ان کو بھی بے نامی ظاہر کیا جائے اور ان کے اثاثے قبضے میں لے لئے جائیں، یہ ہیں صادق اور امین۔ جاوید لطیف نے کہاکہ چوہدری صاحب آپ تاریخ لکھتے ہیں اور پڑھتے ہیں، کبھی آپ کو موقع ملے تو انہیں بتائیں اگر یہ سنیں، مشرقی پاکستان میں عوامی لیگ کی مخالف قوتوں کو کروڑوں روپیہ دیاگیا تاکہ عوامی لیگ کو ہرایا جا سکے مگر اس کے بعد پھر بھی جب وہ الیکٹ ہو گئے تو انہیں نااہل کرنے کے لئے پھر بھی ضمنی انتخاب کرا دیے گئے، مگر اس کے باوجود ہم نے تاریخ سے سبق نہیں سیکھا کہ اس کا کیا انجام ہوا تھا، آج بھی جو ہتھکنڈے استعمال کئے جا رہے ہیں اس کے نتائج بڑے خوفناک ہوں گے۔