اسلام آباد(این این آئی)بلاول بھٹو زر داری نے ترجمان کے عہدے سے مستعفی ہونے والے مصفطیٰ نواز کھوکھر کو منا لیا جس کے بعد مصطفی نواز کھوکھر نے استعفیٰ واپس لے لیا ۔ نجی ٹی وی نے پیپلز پارٹی کے ذرائع کے حوالے سے بتایاکہ مصطفیٰ نواز کھوکھر نے اپنا استعفی واپس لے لیا ،
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو سے ملاقات کے بعد مصطفی نواز کھوکھر نے اپنا استعفیٰ واپس لیا۔ذرائع پی پی پی کے مطابق مصطفی نواز کھوکھر نے ملاقات میں اپنے تحفظات سے پارٹی چیئرمین کو آگاہ بھی کیا، تحفظات ختم کرنے کی یقین دہانی پر مصطفی نواز نے بلاول بھٹوکو استعفیٰ واپس لینے کے فیصلے سے آگاہ کیا۔واضح رہے کہ ایک ہفتے قبل سینیٹر مصطفیٰ نواز کھرکھر نے پارلیمانی نمائندوں سے استعفے لینے کے معاملے پر پارٹی پالیسی سے اختلاف کرتے ہوئے استعفیٰ دے دیا تھا۔اطلاعات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے پی ڈی ایم کے فیصلوں کو ماننے اور ایوانوں سے استعفے دینے کے معاملے پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے فیصلے سے سخت اختلاف کیا۔