ملتان(نیوز ڈیسک)ود ہولڈنگ ٹیکس کی نئی حکومتی پالیسی کے خلاف ملک کے کئی شہروں میں تاجر برادری نے احتجاجی مظاہرے کیے۔ ملتان کے چوک حرم گیٹ پر تاجروں نے شٹرڈاون کے دوران مظاہرہ کرتے ہوئے روڈ بلاک کیا اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف نعرے لگائے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ بینکوں سے رقم کی لین دین پر عائد ودہولڈنگ ٹیکس تاجروں کا معاشی قتل ہے۔ لیہ، سرگودھا اور گوجرانوالہ میں بھی تاجربرادری نے شٹر ڈاون ہڑتال کی اورحکومت مخالف مظاہرے کیے،حیدرآباد کے تاجروں اورصنعتکاروں نے بھی بینک ٹرانزیکشن پراعشاریہ چھ فیصد ٹیکس کے نفاذ کے خلاف مظاہرہ کیا۔ فیصل آباد میں ن لیگ کی حمایتی تاجر برادری بھی ود ہولڈنگ ٹیکس کے معاملے پر اپنی حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکل آئی۔ ن لیگ کے حامی تاجروں نے چوک گھنٹہ گھر پراحتجاجی کیمپ لگائے اور جزوی ہڑتال بھی کی۔