لاہور( این این آئی)مسلم لیگ(ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمی بخاری نے کہا ہے کہ ندیمک زدہ تبدیلی پاکستان کا آٹا اور چینی کھا گئی ہے ،پاکستان کی معیشت کو ان حالات پہنچادیا ہے کہ عام آدمی دووقت کی روٹی سے محروم ہو گیاہے ۔ اپنے ویدیو بیان میں انہوںنے کہا کہ ملتان میں تمام ریاستی جبر اور غنڈہ گردی کا استعمال کیا جارہا ہے ،حکومت جو مرضی کرلے ملتان کا
جلسہ ہو کر رہے گا،عمران خان ایک بزدل حکمران ہے ،عمران خان ہمیشہ اپوزیشن کو کنٹینر اور کھانے دینے کی پیشکش کرتے رہے آج اپوزیشن کے جلسوں سے خوفزدہ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اسد عمر سکھر میں ایک پروگرام سے خطاب کررہے تھے لیکن وہاں کورونا چھٹی پر چلا گیا،سکھر سے جو کورونا ڈر کر بھاگا اب وہ ملتان میں پہنچ جائے گا،حکومت کی منافق اور جھوٹ کی کوئی حد نہیں،خود سیمینار اور جلسے کررہے ہیںاپوزیشن کو جلسوں کی ممانعت ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ہمارے سینکڑوں کارکنوں کوبہالنگر،ڈی جی ،ملتان سمیت کئی شہروں سے گرفتار کیا گیا ہے ،جیلیں،گرفتاریاں تحریک کیلئے ایندھن ثابت ہوتے ہیں،حکومت کا کائونٹ ڈائون شروع اب ان کو گھر جانا ہوگا ، سامان پیک کریں۔دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے ملتان میں اپوزیشن کے عہدیداروں اور کارکنا ن کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب کی لاٹھی، گولی، گالی کی سرکار نہیں چلے گی ،ملتان میں پی ڈی ایم کا جلسہ ہر صورت ہوگا، عمران صاحب کیا کورونا نے حکومتی جلسوں کو این آر او دے رکھا ہے،کیا کورونا صرف اپوزیشن کے جلسوں میں آتا ہے؟۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ سکھر میں پی ٹی آئی کی کورونا فری تقریب عمران صاحب کے ایک اوریوٹرن اور جھوٹ کا ثبوت ہے ،اپوزیشن کیلئے جیل، جھوٹے پرچے، لاٹھیاں اور گرفتاریاںہیں حکومت کو ہر جگہ جلسوں کی آزادی ہے ،ایک ملک میں دو قانون نہیں چلیں گے، عمران صاحب کی فسطائیت کے جانے کا وقت ہوا چاہتا ہے ،بہاولپور، ڈی جی خان اور ملتان ڈویژن میں پی ٹی آئی حکومت کی بزدلانہ کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ،اعجاز اچلانہ، سعد کانجو، قاسم گیلانی سمیت عہدیداروں اور کارکنان گرفتارہونے سے جلسہ نہیں رکے گا۔