بمبن ٹوٹا(این این آئی) قومی ٹیم کے سابق کپتان اور تیز ترین سنچری کا ریکارڈ بنانے والے شاہد آفریدی نے ایک بار پھر اپنی صلاحیتیوں کا لوہا منوا یااور 20گیندوں پر شاندار ففٹی بنا ڈالی۔قومی کرکٹ ٹیم کے سابق آل رائونڈر اور سابق کپتان شاہد آفریدی نے لنکا پریمیر لیگ
2020 کے دوسرے میچ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 20 گیندوں پر پچاس رنز بنا دیئے۔گال گلیڈیئٹرز کے کپتان شاہد آفریدی نے جافنا اسٹیلنس کے بالرز کی جم کر پٹائی کی اور اپنی اننگز میں 6 چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے طوفانی نصف سنچری اسکور کی۔شاہد آفریدی نے جافنا کیخلاف کھیلے جانے والے میچ میں صرف23 گیندوں پر تیز ترین58 رنز بنائے۔شاہد آفریدی نے جنوبی افریقہ کے تیز گیند باز اولیویئر کے ایک ہی اوور میں 4 چھکے لگا دیئے، اولیویئر نے اس میچ میں زبردست بالنگ کی تھی اور ان کے کھاتے میں تین وکٹ تھیں، لیکن شاہد آفریدی کی بیٹنگ نے ان کے پورے اعداد وشمار بگاڑ دیئے۔شاہد آفریدی نے ان کی مسلسل تین گیندوں پر تین چھکے لگائے۔ اس کے بعد پانچویں گیند پر بھی شاہد آفریدی نے زبردست چھکا لگایا جبکہ آخری گیند پر شاہد آفریدی نے اپنی وکٹ گنوا دی۔40سالہ شاہد آفریدی کی جانب سے اتنی تیزی سے چھکے مارنے اور پرانی یادوں کو تازہ کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اپنے کمنٹس میں صارفین نے بوم بوم آفریدی کی کارکردگی کو خوب سراہا اور انہیں جوان کہا۔