اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)معروف صحافی انصار عباسی نے جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق سے ہوئی اپنی ملاقات کا احوال بتا دیا ۔اپنے یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سراج الحق نے سوات میں ایک جلسہ کیا اور اس جلسے میں انہوں نے ایک بات کی
کہ انہیں وفاقی وزیر ملے جنہوں نے عمران خان کی حکومت کے جانے کی بات کی۔ وہ وفاقی وزیر اپنی حکومت کی کارکردگی سے کافی مایوس تھے اور وہ اس طرح کی بات کر رہے تھے کہ اگر حکومت چلی گئی تو میں خیرات کروں گا۔یہ بات سن کر میں نے سراج الحق سے خود بات کرنے کا سوچا۔ انصار عباسی نے کہا کہ سراج الحق کا شمار دیانتدار اور سچے سیاستدانوں میں ہوتا ہے، اسی لیے وہ جو بھی بات کرتے ہیں اس میں جھوٹ کا عنصر نہیں ہوتا نہ ہی اس میں کسی قسم کا کوئی شک کیا جا سکتا ہے۔میں ذاتی طور پر بھی یہی سمجھتا ہوں کہ وہ ایک سچے آدمی ہیں۔ انصار عباسی نے کہا کہ میں نے وفاقی وزیر سے متعلق سراج الحق سے دریافت کیا تو انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں میری والدہ کا انتقال ہوا، تو وفاقی وزیر تعزیت کے لیے میرے پاس آئے اور انہوں نے کہا کہ اگر حکومت چلی جاتی ہے تو میں خیرات کروں گا۔وفاقی وزیر نے مجھے بتایا کہ جب پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن میں کامیابی حاصل کی تو لوگ تحریک
انصاف کے رہنمائوں اور وزراء کو خوش آمدید کہتے تھے لیکن اب سب کچھ الٹ ہو گیا ہے ۔ ہمارے لیے اب لوگوں کا سامنا کرنا مشکل ہو گیا ہے کیونکہ لوگ تنقید کرتے ہیں اور ناگواری کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگ اب حکومتی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہیں۔ انصار عباسی نے
کہا کہ میں نے سراج الحق سے اس وفاقی وزیر کا نام پوچھنے کی کوشش کی لیکن سراج الحق نے وفاقی وزیر کا نام نہیں بتایا جس پر میں نے بھی زیادہ اصرار نہیں کیا۔ لیکن مجھے یہ یقین ہے کہ یہ وہ وفاقی وزیر نہیں ہو سکتا جس نے لندن میں مبینہ طور پرشریف فیملی سے رابطہ کیا تھا۔انصار عباسی نے مزید اپنی ویڈیو میں کیا کہا آپ بھی سنئے ۔