اسلام آباد(نیوزڈیسک) اقتصادی مبصرین یونان کے اقتصادی بحران کو جدید دور کا انتہائی سنگین بحران قرار دے رہے ہیں۔ تاہم ماہر اقتصادیات اور سابق وزیر خزانہ ڈاکٹر سلمان شاہ اس بحران میں پاکستانی اسٹاک مارکیٹ کے لیے امکانات بھی دیکھتے ہیں۔یونان کے دیوالیہ ہونے کے خطرے کے باعث انیس ملکوں کے بلاک یورو زون کی مشترکہ کرنسی یورو کی قدر میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔ یونانی بحران کی لپیٹ میں ایشیائی اور یورپی منڈیاں بھی آئی ہیں جبکہ اسٹاک مارکیٹوں میں مندی غالب ہے، اقتصادیات و سابق وزیر خزانہ سلمان شاہ یونان کے بحران میں پاکستان کے لیے معاشی امکانات بھی دیکھتے ہیں وہ کہتے ہیں چونکہ پاکستانی اسٹاک مارکیٹ تیزی سے ترقی کرتی ہوئی مارکیٹ ہے تو ایسا ممکن ہو سکتا ہے کہ یونانی مارکیٹ سے پیسہ نکالنے والے سرمایہ کار بہتر امکانات کے لیے پاکستانی اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ لگائیں۔ اس طرح پاکستان کی معیشت کو بحیثیت مجموعی فائدہ پہنچ سکتا ہے