لاہور (پ ر )وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لائن آف کنٹرول پر شہری آبادیوں پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ و گولہ باری کے واقعات کی شدید مذمت کی ہے-وزیراعلی عثمان بزدار نے بھارتی فائرنگ سے4شہریوں اور ایک جوان کی شہادت پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے
شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کااظہار کیاہے-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے زخمی شہریوں اور جوانوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے- وزیراعلیٰ نے کہاکہ بھارت کا نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت اور بزدلانہ فعل ہے۔ دنیا کورونا سے نمٹنے کیلئے یکسو ہے جبکہ متعصب مودی سرکار خطے میں امن کو نقصان پہنچانے کے درپے ہے۔ بھارت شہری آبادی کو نشانہ بنا کر عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مودی سرکار کی جانب سے ایل او سی کی خلاف ورزیاں خطے میں امن کے لئے خطرہ ہیں۔ ایل او سی کے ساتھ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں بھی بربریت کی انتہا کر رکھی ہے۔ مودی، ہٹلر کا دوسرا روپ دھار چکا ہے۔بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، پاک فوج بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے اور پاکستانی قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے۔