لاہور ( آن لائن ) ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ کی جگہ ٹی ٹونٹی کرکٹ شائقین میں آج کل بہت مقبول ہے اور قومی کرکٹ ٹیم ایک لمبے عرصے تک ٹی ٹونٹی رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر براجمان بھی رہی ہے۔ گرین شرٹس نے 2007ء اور 2009ء میں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ فائنل
کھیلا اور 4 مرتبہ سیمی فائنل کے لیے بھی کوالیفائی کیا۔ پاکستان نے 2009ء میں یونس خان کی قیادت میں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ اپنے نام کیا تھا۔پاکستان کو ٹی ٹونٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ 31 مرتبہ مخالف ٹیم کو آل آئوٹ کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے، قومی ٹیم کو سب سے زیادہ 157 ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے کا اعزاز بھی حاصل ہے ، آسٹریلیا کی ٹیم حریف ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو 22 مرتبہ پوویلین واپس بھیج کر اس لسٹ میں دوسری پوزیشن پر موجود ہے جب کہ نیوزی لینڈ نے بھی اتنی ہی مرتبہ حریف ٹیم کو آل آئوٹ کررکھا ہے۔ویسٹ انڈیز اور سری لنکا نے 21،21 مرتبہ، جنوبی افریقہ اور بھارت نے 19،19 مرتبہ اور انگلینڈ نے 17 مرتبہ پوری کی پوری مخالف ٹیم کو پوویلین کی راہ دکھائی۔افغانستان اور آئرلینڈ کی ٹیم نے 14،14 مرتبہ، بنگلہ دیش نے 8 اور زمبابوے نے 4 مرتبہ حریف ٹیم کو آل آئوٹ کررکھا ہے۔ زیادہ ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے والے ممالک کی فہرست میں بھارت 134 ٹی ٹونٹی میچز کھیل کر دوسرے نمبر پر موجود ہے جب کہ نیوزی لینڈ 131 میچ کھیل کر تیسرے نمبر پر ہے، سری لنکا اور آسٹریلیا کی ٹیمیں 128، 128 میچز کھیل کر چوتھے اور ٹی ٹونٹی ورلڈ چیمپئن ویسٹ انڈین ٹیم 124 میچز کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہے۔ انگلینڈ نے 123 میچز کھیل کر چھٹی اور جنوبی افریقہ نے 121 میچز کھیل کر 7ویں پوزیشن اپنے نام کررکھی ہے۔