اسلام آباد (پی این پی) امریکہ میں صدارتی انتخابات کے موقع پر پاکستان میں انٹربینک میں ڈالرکی قدرمیں مزید 32 پیسے کی کمی ہوئی ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان میں اس وقت ڈالر گزشتہ 6 ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ چکا ہے، انٹر بینک میں ڈالر159روپے 65 پیسے کا ہوچکا ہے۔
ایک ماہ کے دوران امریکی کرنسی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں 8 روپے سے زائد کا اضافہ ہوا، گزشتہ کئی روز سے ڈالر کی قیمت میں کمی کا سلسلہ جاری ہے، ماہرین کے مطابق توقع سے زائد ترسیلات زر موصول ہونے کی وجہ سے کرنسی مارکیٹ میں پاکستانی روپے کی قدر میں اضافہ جبکہ امریکی ڈالر کی قیمت میں کمی آ رہی ہے، حکومت کی جانب سے حال ہی میں بیرون ممالک پاکستانیوں کیلئے روشن پاکستان ڈیجیٹل اکاونٹ متعارف کروایا گیا تھا، جہاں بیرون ممالک پاکستانیوں کی جانب سے اب بینکنگ چینلز کے ذریعے رقوم پاکستان بھیجی جا رہی ہیں، جس کی وجہ سے ناصرف ترسیلات زر میں اضافہ ہوا ہے، بلکہ ڈالر کی قیمت میں کمی بھی آ رہی ہے، رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں پاکستان کو ریکارڈ 7 ارب ڈالرز سے زائد ترسیلات زر موصول ہوئی ہیں۔