کراچی(این این آئی )ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 1000 روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی تیزی کا رجحان رہا۔تفصیلات کے مطابق آل پاکستان جیولرز مینوفیکچررز ایسوسی ایشن محمد ارشد کا کہنا ہے کہ ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت 1000 روپے اضافہ کے بعد ایک لاکھ 14 ہزار 100 روپے ہوگئی۔
فی تولہ قیمت بڑھنے سے 10 گرام سونے کی قیمت 857 روپے اضافے کے بعد 97 ہزار 822 روپے ہو گیا ہے ۔دوسری جانب پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو زبردست تیزی کا رجحان رہا ،کے ایس ای100انڈیکس 1300پوائنٹس بڑھ گیا جس کی وجہ سے مجموعی انڈیکس ایک بار پھر40ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کر گیا ،کاروباری تیزی کے سبب227ارب روپے کے اضافے سے مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 74کھرب روپے سے تجاوز کرگیا،خریداری کے باعث83فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں ۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو کاروبار کا آغاز تیزی کیساتھ ہوا سرمایہ کاروں اور مالیاتی اداروں کی فوڈذ ،سیمنٹ ،پیٹرولیم ،اسٹیل اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی غرض سے خریداری کے باعث مارکیٹ مستحکم انداز میں بلندیوں کی جانب گامزن رہی،منگل کو پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کے ایس ای100انڈیکس میں1368.70پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈیکس 39112.18پوائنٹس سے بڑھ کر 40480.88پوائنٹس ہو گیا جبکہ کے ایس ای 30انڈیکس 590.57پوائنٹس کے اضافے سے 16403.45پوائنٹس سے بڑھ کر16994.02پوائنٹس ہو گیا اسی طرح کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 27566.21پوائنٹس سے بڑھ کر 28430.93پوائنٹس ہو گیا ۔