اسلام آباد (این این آئی)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سب سے بڑے سرکاری ہسپتال پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز (پمز) میں 89 کروڑ 94 لاکھ روپے مالیت کی ادویات جعلی رسیدوں پر جاری ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔آڈیٹر جنرل آف پاکستان
نے ادویات کی خریداری میں بیضابطگیوں سے متعلق رپورٹ جاری کر دی ہے۔دستاویزات کے مطابق 2016-18 تک پمز میں 89 کروڑ 94 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی ادویات خریدی اور جاری کی گئیں۔ مریضوں کو ادویات دینے سے متعلق ایک بھی رسید کسی ڈاکٹر نے جاری نہیں کی۔آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق ہسپتال کے ریکارڈ میں کچھ جعلی رسیدیں موجود ہیں۔ رسیدوں پر مریضوں کے نام اور نمبر، ڈاکٹر کے دستخط اور مہر موجود ہی نہیں ہیں۔ نجی ٹی وی نے بتایاکہ رپورٹ کے مطابق پمز انتظامیہ نے مبینہ بے ضابطگی سے متعلق جواب دینا بھی گوارہ نہ کیا۔ ذمہ داران کے خلاف انکوائری کی جائے۔ نجی ٹی وی کے مطابق پمز ہسپتال انتظامیہ کے موقف کے لیے رابطے کی کوشش کی گئی، تاہم کسی بھی ذمہ دار افسر نے موقف دینے سے انکار کیا۔