ریاض (این این آئی )سعودی عرب سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے حیران کن طور پر پرانے دور میں استعمال ہونے والی اشیا اور نوادرات کی بڑی تعداد اپنے گھر میں جمع کر کے گھر کو ایک میوزیم میں تبدیل کر دیا۔عرب ٹی وی کے مطابق سعودی عرب کی زندہ دل خاتون ھویدا ہوساوی نے گذشتہ 25 سال سے نوادارت جمع کرنا اپنا پیشہ بنا رکھا ہے۔
پچھلے اڑھائی عشرے وہ ایسی 10 ہزار نوادارات اور برسوں پہلے استعمال ہونے والی اشیا جمع کرتی رہی ہیں۔یہ نودارات سعودی عرب کے پرانے طرز زندگی کی آج بھی ایک جھلک پیش کرتی ہیں جن سے علاقے کی تاریخی اور تہذیبی روایات کی بھی عکاسی ہوتی ہے۔ سعودی خاتون نے نوادارات جمع کرکے نئی نسل کو یہ بتانے کی منفرد کوشش کی ہے کہ اس کے آباو اجداد کا طرز زندگی کیسا تھا؟ ان کا طرز لباس، بود و باش اور گھروں میں استعمال ہونیوالی اشیا کیسی تھیں؟۔ہوساوی نے کہا کہ نوادارات جمع کرنے کا شوق مجھے بچپن ہی سے تھا جو زندگی کے کسی موڑ پر کم نہیں ہوا بلکہ اس میں مسلسل اضافہ ہوتا رہا ہے۔ نوادرات جمع کرنے کے ساتھ ساتھ اس نے دست کاری اور سلائی کڑھائی بھی سیکھی اور اس نے اپنے ہاتھوں سے دست کاری سے معاصر دور میں پسند کیے جانیوالے ڈیزائن تیار کیے۔ایک سوال کے جواب میں اس نے کہا کہ میری زیادہ توجہ متروک ہونے والی مصنوعات اور نوادارت جمع کرنے پر مرکوز رہی۔ بہت سی چیزیں میں نے خرید کر کے اپنے گھر کے عجائب خانے میں رکھیں۔ہوساوی کی جمع کردہ نوادرات میں پرانے دور کے ریڈیو، ٹی وی سیٹ، دستی ہتھیار، گھروں میں استعمال ہونے والے برتن، چمڑے کی اشیا اور دیگر بیش قیمت نوادرات شامل ہیں۔