اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب کے وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار نے موٹروے کیس کا مرکزی ملزم گرفتار کرنے والی انویسٹی گیشن ٹیم کے لیے 50 لاکھ روپے انعام کا اعلان کر دیا۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ موٹروے کیس کا ملزم گرفتار ہو چکا ہے
جس پرآئی جی پنجاب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ساتھ ہی پنجاب پولیس کی انویسٹی گیشن ٹیم کے لیے 50 لاکھ روپے انعام کا اعلان کرتا ہوں۔واضح رہے کہ کچھ اس طرح کی خبریں بھی گردش کر رہی ہیں کہ پولیس نے عابد ملہی کو گرفتار نہیں کیا بلکہ ملزم نے والد کو پیسے مانگنے کے لیے فون کیا جس کے بعد عابد ملہی کے والد نے پولیس کو اطلاع دی اور اس طرح ملزم کی گرفتاری عمل میں آئی۔ جب عابد ملہی کو پولیس کے حوالے کیا گیا تو پولیس نے انعامی رقم کے لیے ملزم کی گرفتاری کا دعویٰ کر دیا۔جبکہ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق عابد ملہی کو سائنٹیفک طریقہ تفتیش سے گرفتار کیا گیا۔سی پی او کی پریس ریلیز میں کہا گیا کہ ڈی آئی جی شہزادہ سلطان کی سربراہی میں اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم نے دن رات محنت کی جب کہ ایس پی سی آئی اے عاصم افتخار کا ملزم کی گرفتاری میں کلیدی کردار رہا۔