اسلام آباد (این این آئی)سپریم کورٹ آف پاکستان نے وزیراعظم عمران خان کو تحریک انصاف لائرز فورم کی تقریب میں شرکت کرنے پر نوٹس جاری کردیا۔ پیر کو سپریم کورٹ میں پنجاب میں زمینوں سے متعلق ایک کیس کی سماعت کے دوران سینئر جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے
وزیراعظم عمران خان کو کنونشن سینٹر میں وکلا کی تقریب پر شرکت کرنے پر جاری کیا۔اس موقع پر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ وزیراعظم پورے ملک کے ہیں ،کسی ایک گروپ کے نہیں، عمران خان ریاست کے وسائل کا غلط استعمال کیوں کررہے ہیں؟ یہ معاملہ آئین کی تشریح اور بنیادی حقوق کا ہے۔انہوں نے کہا کہ بظاہر کنونشن سینٹر میں وزیراعظم نے ذاتی حیثیت میں شرکت کی۔انہوں نے ریمارکس دیے کہ وزیراعظم کی کسی خاص گروپ کے ساتھ لائن نہیں ہوسکتی، انہوں نے وکلا کی تقریب میں شرکت کرکے کسی ایک گروپ کی حمایت کی۔ انہوں نے پوچھا کہ انچارج کنونشن سینٹر بتائیں کہ کیا اس تقریب کے اخراجات ادا کیے گئے؟بعد ازاں انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے معاملے پر بینچ تشکیل دینے کے لیے عدالتی حکم نامہ چیف جسٹس آف پاکستان گلزار احمد کو ارسال کردیا۔ عدالت عظمیٰ نے اٹارنی جنرل برائے پاکستان خالد جاوید خان، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب، انچارج کنونشن سینٹر اور متعلقہ وزارتوں کو نوٹسز بھجوا دئیے۔خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 9 اکتوبر 2020 کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں انصاف لائرز فورم کی تقریب میں شرکت کی تھی۔