اسلام آباد(این این آئی)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ٹائیگر فورس اپنے علاقوں میں روزانہ آٹا،دال،چینی اور گھی کی قیمتیں چیک کرے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آئندہ ہفتے کے روز ٹائیگر فورس سے کنونشن سینٹر میں ملاقات کروں گا۔
اس دوران ٹائیگر فورس اپنے علاقوں میں روزانہ آٹا، دال، چینی اور گھی کی قیمتیں چیک کرے۔وزیراعظم نے کہا کہ ٹائیگر فورس کے رضاکار اشیائے ضروریہ کی قیمتیں روزانہ ٹائیگر فورس پورٹل پر بھیجیں، ان اشیاء کی قیمتوں کے معاملے پر بات ہفتے کے روز ہونے والی ملاقات میں کریں گے۔واضح رہے کہ ملک میں بڑھتی مہنگائی کے پیش نظر وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ روز اپنی ٹوئٹ میں کہا تھا پیر سے شروع ہونے والے ہفتے ہماری حکومت اشیائے خور و نوش سستی کرنے کیلئے تمام ریاستی وسائل بروئے کار لائیگی، ہم پہلے ہی مہنگائی کے عوامل کا جائزہ لیتے ہوئے تعین کررہے ہیں کہ آیا رسد میں واقعی کمی ہے، یا پھر مافیا کی جانب سے ذخیرہ اندوزی و اسمگلنگ وغیرہ اس کا سبب ہے، یا دالوں اور پام آئل وغیرہ کی عالمی منڈی میں بڑھتی ہوئی قیمتیں اس کی وجہ ہیں۔