ریاض (این این آئی )سعودی عرب میں چار ماہ قبل ایک بچی کی ٹانگ کی سرجری کے دوران اس کے جسم کے اندر دھات کا ایک ٹکڑا رہ جانے سے اس کی موت واقع ہو گئی۔عرب ٹی وی کے مطابق کم سن فرح کے والد نواف الحربی نے بتایا کہ چار ماہ قبل وہ فرح کو چلڈرن اسپتال لے گئے
جہاں بچی کو پلمونری والوڈلوانا تھا۔ اس مقصد کے لیے اس کی ران کی سرجری کی گئی مگر بہ ظاہر ایسے لگتا ہے کہ ڈاکٹر سرجری کے دوران کوئی دھات کا ٹکڑا اس کے جسم کے اندر چھوڑ گئے جس کے نتیجے میں بچی صحت یاب ہونے کے بجائے مزید بیمار ہوتی چلی گئی۔نواف الحربی نے بتایا کی بچی کو مدینہ منورہ کے شاہ فہد اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس پہلے ڈاکٹروں نے بتایا کہ اس کی ران میں یہ تکلیف خون جمنے کے نتیجے میں ہوسکتی ہے تاہم بعد میں ڈاکٹروں نے انکشاف کیا کہ بچی جسم میں موجود دھات کا ٹکڑا رہ جانے کے باعث دم توڑ گئی ہے۔بچی کے والد کا کہنا تھا کہ مدینہ منورہ کے شاہ فہد اسپتال کے ڈاکٹروں نے فرح کی وفات کی خبر 16 گھنٹے بعد اسے دی۔ ان کا کہنا تھا کہ طبی عملے نے فرح کے جسم سے دھاتی ٹکڑا نکالنے کی کوشش کی مگر وہ دوبارہ سرجری سے پہلے ہی دم توڑ گئی۔ تاہم اس نے ڈاکٹروں کی غفلت کے معاملے کو عدالت چیلنج کرتے ہوئے اس کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔