حیدرآباد( آن لائن )احتساب عدالت حیدر آباد نے مخدوم جلیل الزماں کی پلی بارگین منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کردیا ، تاہم مخدوم جلیل الزماں کو10سال تک الیکشن لڑنے اور پبلک آفس میں عہدہ حاصل کرنے کیلئے نااہل قرار دے دیا گیا ۔ اس حوالے سے تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ
پیپلزپارٹی کے رہنما مخدوم امین فہیم کے صاحبزادے اور سابق تعلقہ ناظم ہالہ مخدوم جلیل الزماں پر ڈیڑھ کروڑ روپے کرپشن کاالزام تھا ، جس میں کہا گیا تھا کہ انہوں نے اکاونٹس افسر مشتاق شیخ سے ڈیڑھ کروڑ روپے کی رقم وصول کی ۔پیپلزپارٹی کے رہنما کے وکیل نے احتساب عدالت میں بتایا کہ مخدوم جلیل الزماں نے مشتاق شیخ سے لیے گئے 75لاکھ روپے کی رقم واپس کردی ، جب کہ نیب ڈیڑھ کروڑ روپے وصولی کا الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہی ۔واضح رہے کہ مخدوم جلیل الزماں کو نیب نے ایک ہفتہ قبل کراچی سے گرفتار کیا تھا جس کے بعد احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں پیپلز پارٹی کے رہنما مرحوم مخدوم امین فہیم کے بیٹے مخدوم جلیل الزماں کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا تھا ، سابق اے ڈی اے او حیدر آباد مشتاق احمد شیخ اور دیگر کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی انکوائری کی 10 فروری 2017 کو منظوری دی گئی جو کہ 28 اپریل 2017 کو انوسٹی گیشن میں تبدیل کی گئی ۔
جبکہ 6 جون 2017 کو ریفرنس نمبر 12/2017 احتساب عدالت حیدر آباد میں دائر کیا گیا جس میں قومی خزانے کو 704.778 ملین روپے نقصان پہنچانے کا الزام تھا جبکہ ڈی جی نیب کراچی نے 6 جون 2017 کو مزید انکوائری کی منظوری دی ، ملزم مخدوم جلیل الزماں
مذکورہ ملزم مشتاق احمد شیخ کی جانب سے غیر قانونی طور پر حاصل کی گئی رقم سے مستفید ہوئے ، مزید براں انہوں نے ملزم مشتاق شیخ سے غیر قانونی طور پر حاصل کی گئی رقم سے مستفید ہونے کا اعتراف کیا اور پلی بار گین کے ذریعے رقم کی واپسی کی درخواست دی ۔