اسلام آباد (این این آئی)ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے 24 ارب روپے کے بجٹ کا احساس انڈر گریجویٹ اسکالر شپ کا آن لائن پورٹل کھول دیا ہے۔ اجلاس میں ایچ ای سی حکام نے احساس انڈر گریجویٹ اسکالر شپ پروگرام پر بریفنگ دی۔
ایچ ای سی حکام نے چیئرمین کمیٹی کو بتایا کہ 125 پبلک سیکٹر جامعات کے طالب علم اسکالرشپ پروگرام کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ایچ ای سی حکام کے مطابق 45 ہزار روپے سے کم فیملی انکم والے طالب علم احساس اسکالر شپ پروگرام کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ تعلیمی سال 2019ـ20ء میں 50 ہزار 762 طلبا کو 4 اعشاریہ 827 ارب کی اسکالر شپ دی گئیں۔ایچ ای سی حکام نے کہا کہ احساس انڈر گریجویٹ اسکالر شپ پروگرام کے ذریعے ہر سال کم آمدن والے گھرانوں کے 50 ہزار طلبا کو وظائف دیے جائیں گے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس 4 سالہ پروگرام سے 2 لاکھ طلبا مستفید ہوں گے، اسکالر شپ میں 100فیصد ٹیوشن فیس اور 4 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ شامل ہے۔ایچ ای سی حکام نے بتایا کہ 24 ارب روپے کے بجٹ کے اس پروگرام کا دائرہ کار چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی پبلک سیکٹرز جامعات تک پھیلایا گیا ہے۔چیئرمین کمیٹی نے ایچ ای سی حکام سے کہا کہ آن لائن درخواست کا معاملہ بھی مشکل کام ہے۔
دور دراز کے پسماندہ علاقوں میں وائی فائی اور انٹرنیٹ کی سہولت نہیں ہے۔چیئرمین کمیٹی نے ایچ ای سی حکام کو تجویز دی کہ دور دراز کے پسماندہ علاقوں کے طلبا کو اس پروگرام میں شامل کرنے کے لیے مقامی اخبارات میں اشتہارات دیے جائیں۔