کراچی(این این آئی)سندھ کے وزیر اینٹی کرپشن پر بھی کرپشن اور غیرقانونی بھرتیوں کا الزام عائد کر دیا گیا ، نیب کراچی نے تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے فیڈرل بورڈ آف ریونیو سے صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو اور ان کی اہلیہ کے اثاثوں کی تفصیلات مانگ لی ہیں۔
سندھ میں نیب متحرک ہوگیا ، اینٹی کرپشن کے وزیر بھی نیب راڈار پر آ گئے ، جام اکرام اللہ دھاریجو پر سائٹ کراچی میں 800 جعلی بھرتیاں کرنے کا الزام ہے ، صوبائی وزیر سمیت 7 افراد کیخلاف تحقیقات کا آغاز ہوگیا ۔نیب کراچی نے ایف بی آر کو خط لکھ کر صوبائی وزیر اور اہلیہ کے انکم ٹیکس گوشواروں، ٹیکس ریٹرن اور اثاثوں سمیت دیگر تفصیلات طلب کرلی ہیں ، جام اکرام اللہ دھاریجو کے 2 پرائیویٹ سیکرٹیرز بھی نیب تحقیقات کی زد میں آگئے ۔صوبائی وزیر پر سائٹ کراچی میں غیرقانونی پلاٹ الاٹمنٹ کا بھی الزام ہے ، نیب حکام کا کہنا ہے ترقیاتیاور غیرترقیاتی سمیت دیگر فنڈز میں کرپشن کی گئی اور کرپشن کی وجہ سے ہی سائٹ میں فیکٹریاں بند ہورہی ہیں ۔