کراچی(این این آئی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے شہر کے ساحل سمندر پر کچرے کے ڈھیر دیکھ کر افسوس کا اظہار کیاہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سابق کپتان وسیم اکرم نے کراچی کے ساحل پرکچرے اورگندگی کے ڈھیر کی ویڈیو شیئر کی ہے،
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہمیں بہانے بنانے چھوڑنے ہوں گے یہ بالکل بھی اچھا نہیں ہے ، وسیم اکرم نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ میں نے سوچا تھا کہ ہفتے کے پہلے روز یہاں آ کر مزہ آئے گا لیکن میں نے اپنی بیوی کو سی ویو پر لا کر بہت بڑی غلطی کی ہے ، جتنی گندگی یہاں پڑی ہے اس کا الزام کسی پر نہیں لگانا بلکہ خود کو اس گندگی کا الزام دینا ہے۔سابق کپتان نے کہا کہ یہ شرمناک ہے ، ہم پوری دنیا کو کہتے ہیں کہ پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے لوگوں کو خوبصورت قرار دیتے ہیں لوگ واقعی خوبصورت ہیں ۔ہمیں یہ بات بھی ماننی چاہئے کہ لوگ بھی گندے ہیں ۔ یہ سمندر کا گند ہے ، سمندر میں گند پھینکتے ہیں تو ساحل پر آتا ہے ، وسیم اکرم نے سوشل میڈیا پر نصیحتیں کرنے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جن کو نصیحتیں کرنے کا شوق ہے وہ اب نصیحتیں کریں، آپ بتائیں کہ کیسے لوگوں کا مائنڈ سیٹ تبدیل کریں۔بعدازاں ، شنیرا اکرم جو وسیم اکرم کی اہلیہ اور سماجی کارکن بھی ہیں لوگوں کو توجہ دلانے کے لئے کراچی کے ساحل پر پھیلے ہوئے گندگی کی تصویر کو شئیر کیا ۔انہوں نے کچرے کے درمیان کھڑے ہوکر تصویر کے عنوان میں لکھا کہ ”ہمارا شہر تکلیف میں ہے اور یہ ہمیں ہر روز بتا رہا ہے، ہمیں مدد کے لئے پکار رہا ہے لیکن کوئی اس پر کچھ نہیں کر رہا ۔ اس سب کو روکنا ہوگا! اس نے ہمارے شہر ، لوگوں اور ہماری ثقافت کو شرمندہ کیا ہے۔ یہ وہ نہیں ہے جو ہم ہیں ۔