اسلام آباد(آن لائن)جولائی سے ستمبر تک ہونے والی شدید بارشوں سے سندھ اور پنجاب میں کپاس کی فصل متاثر ہونے سے کسانوں کواربوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔کپاس کی فصل گزشتہ سال کی نسبت 3 لاکھ 8 ہزار ہیکٹر رقبہ پر کم کاشت کی گئی تھی ۔گزشتہ سال 25 لاکھ 26 ہزار ہیکٹر پر کپاس کی فصل کاشت کی گئی تھی۔ رواں سال 22 لاکھ 18 ہیکٹر رقبے پر کپاس کاشت کی گئی ہے ۔
پنجاب میں 8 ہزار 34 ایکڑ رقبے پر کپاس کی فصل کو نقصان پہنچا ہے ۔ پنجاب میں 80 لاکھ 34 ہزار ایکٹر رقبے کپاس کاشت کی گئی تھی جبکہ سندھ میں میرپور خاص اور سانگھڑ کے اضلاع میں کپاس کی فصل 80 فیصد تباہ ہو گئی ہے اور گھوٹکی ، ٹنڈواللہ یار ، حیدر آباد اور سانگھڑ ڈسٹرکٹ میں کپاس کی فصل کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔آن لائن کے پاس دستیاب دستاویزات کے مطابق پاکستان میں 22 لاکھ 18 ہزار ہیکٹر رقبے پر کپاس کاشت کی گئی تھی جس کے لئے 23 لاکھ ایک ہزار گانٹھوں کا ٹارگٹ رکھا گیا تھا ۔پنجاب میں رواں سال 15 لاکھ 46 ہزار ہیکٹر رقبے پر کپاس کی فصل کاشت کی گئی تھی جس کے لئے 16 لاکھ گانٹھوںکا ٹارگٹ رکھا گیا تھا ۔سندھ میں 6 لاکھ 15 ہزار ہیکٹر رقبے پر کپاس کی فصل کاشت کی گئی تھی جس کے لئے 6 لاکھ 40 ہزار گانٹھوں کا ٹارگٹ رکھا گیا تھا ۔ خیبرپختونخوا میں 216 ہیکٹر رقبے پر کپاس کی فصل کاشت کی گئی تھی جس کے لئے ایک ہزار گانٹھوں کا ٹارگٹ رکھا گیا تھا بلوچستان میں 57 ہزار ہیکٹر رقبے پر کپاس کی فصل کاشت کی گئی تھی جس کے لئے 60 ہزار گانٹھوں کا ٹارگٹ رکھا گیا تھا ۔گزشتہ سال کی نسبست رواں سال میں 3 لاکھ 8 ہزار ہیکٹر رقبے پر کم کپاس کی فصل کاشت کی گئی تھی لیکن جولائی سے ستمبر تک ہونے والی بارشوں کی وجہ سے کپاس کی فصل کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔ پنجاب میں 8 ہزار 334 ایکڑ رقبے پر کپاس کی فصل کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ پنجاب میں 80 لاکھ 34 ایکڑ رقبے پر کپاس کی فصل کاشت کی گئی تھی ۔
پنجاب کے ڈسٹرکٹ جھنگ میں 208 ایکڑ رقبے کو نقصان پہنچا ، ملتان ایک ہزار ایکڑ ، خانیوال میں 983 ایکڑ ، مظفر گڑھ میں 1874 ایکڑ ، ڈی جی خان میں 2467 ایکڑ ، راجن پور 1150 ایکڑ ، رحیم یار خان میں 352 ایکڑ رقبے پر کپاس کی فصل کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔ان بارشوں کی وجہ سے پنجاب میں 93 ہزار 475 ایکڑ پر دیگر فصلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے ۔جبکہ سندھ میں ان بارشوں کی
وجہ سے 2 اضلاع میرپور خاص اور سانگھڑ میں کپاس کی فصل بری طرح متاثر ہوئی ہے جبکہ گھوٹکی ، ٹنڈواللہ یار ، حیدر آباد اور سکھر کے اضلاع میں کپاس کی فصل کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔حکومت کی طرف سے سندھ اور پنجاب میں بارشوں کی وجہ سے ہونے والے نقصان کا سروے کیا جا رہا ہے ۔ وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ رسرچ فخر امام کا کہنا ہے کہ کپاس کی فصل کے نقصان کے حوالے سے جب پوری تفصیلات مل جائیں گی تو اس کے بعد طے کیا جائے گا کہ کسانوں کو فصلوںکے نقصان پر کتنا معاوضہ دیا جا سکتا ہے ۔