بلجیم (این این آئی) بلجیم میں میں مفت ریل پاس کے لیے 36 لاکھ لوگوں نے درخواست جمع کروادی، یہ درخواستیں حکومت کی جانب سے اس سکیم کیلئے جمع کروائی گئیں ہیں جس کے تحت حکومت نے کورونا وائرس کے باعث اندرون ملک تباہ ہونے والی سیاحت کی انڈسٹری
کو دوبارہ بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سکیم کا بنیادی فلسفہ یہ ہے کہ چونکہ کورونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر بلجین شہری اپنے ملک سے باہر نہیں جا سکتے، دوسری جانب دوسرے یورپین ممالک کے شہری بھی اسی خطرے کے پیش نظر سفر کرنے سے گریزاں ہیں جس سے اندرون ملک قائم ہوٹل اور سیاحت سے متعلق انڈسٹری کو بہت نقصان پہنچا ہے۔ اسی خیال کو پیش نظر رکھتے ہوئے حکومت کی جانب سے فیصلہ کیا گیا کہ اپنے شہریوں کو اندرون ملک سیاحت کے لیے راغب کیا جائے جس کے بعد ریل کے ادارے کے ساتھ مل کر ایک اسکیم کا اعلان کیا گیا۔ ’ہیلو بلجیم ‘نامی اس سکیم کے مطابق 30 ستمبر تک درخواست دینے والے تمام افراد کو 12 یکطرفہ ریل پاس جاری کیے جائیں گے۔ اس ریل پاس کے ذریعے شہری 5 اکتوبر سے لے کر 31 مارچ 2021ء تک ملک کے اندر 500 مقامات کیلئے ہر ماہ 2 دفعہ سفر کر سکیں گے۔ مزید شرائط میں شامل ہے کہ ورکنگ ڈیز کے دوران مفت پاس والے صبح 9 بجے کے بعد سفر کر سکیں گے لیکن ویک اینڈ کے دوران وقت کی کوئی پابندی نہیں ہوگی۔ سکیم میں درخواست کا دن ختم ہونے کے بعد جو اعداد و شمار جاری کیے گئے ہیں ان کے مطابق اس اسکیم کے لیے مجموعی طور پر 36 لاکھ شہریوں نے درخواست جمع کروائی ہے۔