اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) محکمہ موسمیات نے ستمبر کے آخری ہفتے میں موسم مزید گرم رہنے کی پیش گوئی کی ہے جبکہ اکتوبر میں بارشوں کا نیا سسٹم پنجاب میں داخل ہوگا جس کے باعث موسم میں تبدیلی رونما ہوگی۔ستمبر اپنا جلوہ دکھانے لگا ہے درجہ حرارت 37 تک پہنچ گیا۔
مون سون بارشوں کے بعد بھی موسم میں بہتری نہ آسکی، موسم کا احوال بتانے والوں نے کہا ہے کہ ستمبر کے آخری ہفتے میں دن کے اوقات میں پارہ مزید بڑھے گا اور درجہ حرارت 40 تک جانے کا امکان ہے۔دوسری جانب منگل کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ زیریں علاقوں میں شدید گرم رہا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ زیریں علاقوں میں شدید گرم رہے گا۔ تاہم جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں بعد دوپہر گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے ، صوبہ پنجاب میں بروز منگل بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہا ۔ تاہم بہاولپور، ملتان، ڈی جی خان اور اس کے گرد و نواح میں گرد آلود ہوائیں چلتی رہیں۔جبکہ بدھ کے دن صوبہ کے بیشتراضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا ، بہاولپور، ملتان، ڈی جی خان اور اس کے گرد و نواح میں بعد دوپہر گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکا ن ہے ، اس طرح صوبہ سندھ میں کل بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا ،سکھر اور جیکب آباد میں بعد دوپہر گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے ۔ اسلام آباد ، خیبر پختونخواہ، گلگت بلستان اور کشمیر کا موسم خشک اور گرم رہے گا ۔