اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے ٹوئٹر اکائونٹ کے بعد یوٹیوب چینل اور محمد نواز شریف کے نام سے ویب سائٹ بھی بنالی ،سینئرتجزیہ نگارحبیب اکرم نے نجی ٹی وی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میاں نواز شریف سوشل میڈیا پر سرگرم ہو گئے ہیں۔
جس کی بنیا دی وجہ اے پی سی کی تیاری ہے ، میاں نواز شریف اپنا بیان براہ راست سوشل میڈیا کے ذریعے عوام کو سنائیں گے جس کے لئے انھوں نے مکمل تیاری کر رکھی ہے ، ان کا مزید کہنا تھا کہ سرگرم ہونے کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ حکومت کی جانب سے انہیں کسی نرم رویے کی امید نہیں دکھائی نہیں دے رہی جس کی وجہ سے وہ یہ اقدامات کر رہے ہیں۔یاد رہے کہ مریم نواز نے گزشتہ روز ایک ٹویٹ میں یہ بتایا تھا کہ سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پراپنا اکائونٹ بنالیا ہے،اپوزیشن کی اے پی سی آج ہوگی جس میں نواز شریف وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کریں گے اور بعدازاں ان کے سوشل میڈیا ونگ سے ان کی تقاریر اور گفتگو نشر ہو گی۔دوسری جانب حکومت نے ان کے ٹی وی چینلز پر خطاب نشر کرنے پر پابندی لگا دی ہے ۔