اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،آ ن لائن)پی ایم ایل این کی نائب صدر مریم نوازنے سابق وزیراعظم نوازشریف کے خطاب کو سوشل میڈیا پر نشر کرنے کی تصدیق کردی ۔ تفصیلات کے مطابق ٹوئٹر پر جب ایک صارف سعود سمیع کی طرف سے مطالبہ کیا گیا کہ نواز شریف کا
اے پی سی سے خطاب لندن سے ہی سوشل میڈیا کے کئی پلیٹ فارمز بشمول فیس بک، ٹویٹر، یوٹیوب پر لائیو سٹریم کرنا چاہئے تاکہ اسے پاکستان میں بلاک کرنا ممکن نہ ہو ، تو اس کے جواب میں مریم نوازشریف نے اپنے ٹویٹ میں تصدیق کرتے ہوئے لکھا کہ ہم یہ کر رہے ہیں انشااللہ ۔یاد رہے کہ اس سے پہلے حکومت نے میڈیا چینلز کو خبردار کر دیا ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس میں نواز شریف کا کوئی بھی بیان مت چلائے،خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی ۔وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر مفرور مجرم نواز شریف نے اے پی سی سے خطاب کیا اور ان کا خطاب نشر ہوا تو پیمرا اور دیگر قانونی آپشن استعمال ہوں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ کس طرح ممکن ہے کہ ایک مفرور مجرم سیاسی ایکٹیوٹییزکرے اورقوم کو بھاشن دے، شریف خاندان جھوٹ کے علاوہ کچھ نہیں بول سکتا۔ اتنے جھوٹے ہیں کہ بیماری پر بھی جھوٹ بولتے ہیں۔