اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )وزیراعظم عمران خان نے آئی جی پنجاب انعام غنی کو سی سی پی او لاہور عمر شیخ کو مکمل سپورٹ کرنے کا حکم دیا ہے۔وزیراعظم کی صدارت میں گزشتہ روز امن و امان کے حوالے سے ہونے والے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔
نجی ٹی وی جیو کی رپورٹ کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم اور سی سی پی او لاہور بات کرتے رہے جب کہ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار خاموش رہے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیر تعلیم شفقت محمود، مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر، وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا اور دیگرحکومتی نمائندے موجود تھے۔اجلاس میں سی سی پی او عمر شیخ نے کہا کہ وہ پولیس کو ٹھیک کر رہے ہیں، متعدد افسروں اور اہلکاروں کو ہتھکڑیاں لگوائیں، تین ماہ بعد لاہور خود بتائے گا کہ ٹھیک ہو رہا ہوں۔وزیراعظم عمران خان نے اجلاس میں آئی پنجاب انعام غنی کو حکم دیا کہ سی سی پی او لاہور عمر شیخ کو مکمل سپورٹ کیا جائے۔عمران خان نے سی سی پی او لاہور کو حکم دیا کہ قبضہ گروپوں کے خلاف سخت کارووائی عمل میں لائی جائے اور قبضہ مافیا کے خلاف آپ اپنی ٹیم تشکیل دیں۔