نئی دہلی(نیوز ڈیسک)بھارتی کرکٹ بورڈ نے اپنے کھلاڑیوں کو کارکردگی کی بنیاد پر مراعات دینے کا فیصلہ کر لیا ہے جو کرکٹ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے فنانشل ماڈل پر عمل کرنے کی ایک کوشش ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کی فنانس کمیٹی نے اس حوالے سے دستاویزی کام مکمل کر لیا ہے جسے گزشتہ روز بورڈ کی ایک میٹنگ میں پیش کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ اپنے کھلاڑیوں کو بڑی کامیابیوں پر پہلے بھی انعامات اور مراعات دیتا رہا ہے جیسے کہ عالمی کپ،ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ یا چیمپئنز ٹرافی جیتنے پر دی گئی تھیں مگر اب بھارتی کرکٹ بورڈ کے حکام ایسی منصوبہ بندی کر رہے ہیں جس کے تحت ہر ہوم اور بیرون ملک سیریز میں کامیابی پر کھلاڑی انعام واکرام کے مستحق سمجھے جائیں گے اور انہیں ملک میں کسی کامیابی کے مقابلے میں بیرون ملک فتح پر زیادہ فوائد حاصل ہوں گے۔