واشنگٹن (این این آئی)امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان طے پایا معاہدہ ابراہیم خطے اور مشرق وسطی میں امریکی مفادات کے تحفظ اور ایران کے خلاف محاذ مضبوط کرنے کے لیے کیا گیا۔
پومپیو نے امریکی ٹی وی کودئیے گئے انٹرویو میں کہا کہ ابو ظبی اور تل ابیب تہران کو بہت بڑا خطرہ سمجھتے ہیں۔انہوں نے اس بات کی نشاندہی کی کہ امارات اوراسرائیل کے مابین تعلقات قائم کرنے کے معاہدے کے ذریعے ایران کو امریکی مفادات کو نقصان پہنچانے سے روکنے کے لیے راہ ہموار کی گئی۔دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ نے متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے مابین معمول کے معاہدے کو تاریخی قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ عرب ممالک اسرائیل کے یہودیوں کا آبائی وطن ہونے کے حق کو تسلیم نہیں کرتے جیسا کہ ہونا چاہیئے۔ متحدہ عرب امارات کو ڈھائی دہائیوں سے بھی زیادہ عرصہ لگا جس کے بعد اس نے بالآخر اسرائیل کو تسلیم کرلیا۔ رفتہ رفتہ دوسرے ممالک بھی امارات کی پیروی کریں گے۔