مقبوضہ بیت المقدس (این این آئی)قابض اسرائیلی فوج نے مسجد اقصی کی ایک خاتون محافظ ھبہ سرحان اور تین دیگر ملازمین کو مسجد اقصی سے ایک ہفتے کے لیے بے دخل کردیا۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی پولیس نے ھبہ سرحان، محکمہ اوقاف کے ملازمین
عماد عابدین، بلال عوض اللہ اور عمران الاشھب کو القشلہ حراستی مرکز میں طلب کیا اور انہیں ایک ہفتے کے لیے قبلہ اول سے بے دخل کرنے کا نوٹس دیا ۔قانون دان خلدون نم نے بتایا کہ اسرائیلی پولیس نے کئی گھنٹے تک محکمہ اوقاف کے تین ملازمین اور مسجد اقصی کی خاتون پہرے دار کوحبس بیجا میں رکھا۔ادھر مسجداقصی کے ڈائریکٹر الشیخ عمر الکسوانی نے محکمہ اوقاف کے عملے کوحراست میں لینے اور ان کی مسجد اقصی میں دخلے پرپابندی کی شدید مذمت کی ۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حکام ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت مسجد اقصی کے ملازمین کے ساتھ مذہبی اشتعال انگیزی کا مظاہرہ کررہی ہے۔