نئی دہلی (آن لائن ) بھارت نے ہرزہ سرائی کی ہے کہ اگر پاکستان نے چین کے ساتھ سرحد پر تنازعے کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کی، تو اسے زبردست نقصان اٹھانا پڑے گا کیونکہ بھارت دو محاذوں پر ایک ساتھ لڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ایک ایسے وقت جب لداخ میں چین
اور بھارت کے درمیان زبردست کشیدگی کا ماحول ہے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت نے چین اور پاکستان کی جانب سے شمال اور مغربی سرحدوں پر بھارت کے خلاف ’مربوط کارروائی‘ کے خطرے کا اندیشہ ظاہر کیا ہے۔ تاہم ان کا دعوی ہے کہ بھارتی مسلح افواج اس مشترکہ خطرے سے بھی نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں اور ایسی صورت میں اسلام آباد کو زبردست نقصان سے دو چار ہونا پڑ سکتا ہے۔ دوسری جانب بھارتی فوج کے سربراہ جنرل منوج مکند نروانے نے جمعرات کے روز لداخ میں ایل اے سی کا دورہ کرنے کے بعد کہا کہ سرحد پر حالات تھوڑے کشیدہ ہیں اسی لیے فوج کو احتیاطی طور پر تعینات کیا گیا ہے۔