منامہ (این این آئی)بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ بن سلمان آل خلیفہ نے کہا ہے کہ خط خلیج میں استحکام کا انحصار سعودی عرب پر ہے۔بحرین کی سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق انھوں نے یہ بات وائٹ ہائوس کے مشیراور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کوشنر سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔
اس موقع پرجیرڈ کوشنز نے اسرائیل اور یو اے ای کے درمیان امن معاہدے کو سراہا ۔ان کا کہناتھا کہ اب مزید عرب ممالک بھی اس کی پیروی کریں گے اور وہ اسرائیل سے معمول کے تعلقات استوار کریں گے۔لیکن بحرین کا قریبی اتحادی اور خطے کی ایک بڑی طاقت سعودی عرب یہ واضح کرچکا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ معمول کے تعلقات استوار کرنے کی ایک قیمت ہے اور وہ عرب امن اقدام کے تحت مقبوضہ غربِ اردن اور غزہ پٹی پر مشتمل آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست کا قیام ہے جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو۔اسرائیل نے 1967 کی جنگ میں ان فلسطینی علاقوں پر قبضہ کر لیا تھا اور وہ گذشتہ برسوں کے دوران میں ان میں سے بعض علاقوں اور شہروں کو صہیونی ریاست میں ضم کرچکا ہے۔ یو اے ای کے ساتھ معاہدے کے تحت اب وہ مزید فلسطینی علاقوں کو ضم نہیں کرے گا۔