قاہرہ (این این آئی )مصر کے صدر عبد الفتاح السیسی نے مسلح افواج کو ہدایت کی ہے کہ وہ مصر کی قومی سلامتی کے تحفظ کی خاطر کسی بھی مہم جوئی کے لیے مکمل طور پر تیار رہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق صدر السیسی کی زیرصدارت قومی سلامتی کا اجلاس منعقد ہواجس میں سیکنڈ فیلڈ آرمی کمانڈر ، مسلح افواج کی انجینئرنگ کور
کے سربراہ ، اور مسلح افواج کے مالیاتی امور اتھارٹی کے چیئرمین کے سمیت دیگراعلی حکام نے شرکت کی۔اس موقع پر صدر السیسی نے فوج کو ہدایت کی کہ وہ کسی بھی مشکل ذمہ داری کو انجام دینے کے لیے خود کو ہمہ وقت تیار رکھے۔ ان کا کہنا تھا کہ مصر کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے۔ مسلح افواج کو ہرطرح کے چیلنجز اور مشکلات کامقابلہ کرنے کے لیے خود کو تیار رکھنا ہوگا۔ انہوں نے فوج کی پیشہ ورارانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مصری فوج کے تمام اداروں اور شاخوں کو اپنی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہو گا تاکہ بہتر طریقے سے ملک کا دفاع کیا جا سکے۔صدر مملکت نے مسلح افواج کی کوششوں اور ان کی قربانیوں کوخراج تحسین پیش کی اور کہا کہ فوج نے وطن عزیز کی بقا ،اس کی سلامتی ، حفاظت ، استحکام اور مصری عوام کے تحفظ کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔