اسلام آباد (این این آئی)حکومت کا یورو فائیو معیار کے پٹرول اور ڈیزل متعارف کروانے سے قبل ملاوٹ کی روک تھام کیلئے اقدامات پر غور شروع کر دیا گیا ،حکومت کو پٹرولیم مصنوعات میں ملاوٹ روکنے کیلئے مختلف تجاویز موصول ہوگئیں ۔ دستاویز کے مطابق کیریج
کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن نے مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں اضافے کی تجویز دے دی، دستاویز کے مطابق لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 56 روپے 24 پیسے اور مٹی کے تیل کی قیمت 59 روپے 32 پیسے فی لیٹر ہے ۔ دستاویز کے مطابق لائٹ ڈیزل آئل اور مٹی کے تیل کی موجودہ قیمت پٹرول اور ڈیزل سے 42 روپے فی لیٹر کم ہے، مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت ہائی اسپیڈ ڈیزل کے برابر مقرر کی جائے، مٹی کا تیل عوام کو 150 سے 180 روپے فی لیٹر دستیاب ہے ، ایجنسی اور پمپ مالکان مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کو پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل میں مکس کر رہے ہیں۔ دستاویز کے مطابق پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل میں ملاوٹ سے نئی گاڑیوں کے انجن تباہ ہو رہے ہیں ۔