ریاض (این این آئی)سعودی عرب نے کرونا وائرس کی وَبا پھیلنے کے بعد پروازوں کی بندش سے بیرون ملک یا اپنے آبائی ممالک میں پھنس کر رہ جانے والے تارکینِ وطن کے ویزوں کی میعاد میں بغیر کسی فیس کے مزید تین ماہ کی توسیع کردی ہے۔
سعودی عرب کی پاسپورٹس اتھارٹی (جوازات) کے ڈائریکٹر جنرل نے سوموار کو ایک بیان میں کہا ہے کہ اس فیصلہ سے استفادہ کرنے والوں میں وہ تمام تارکین وطن شامل ہوں گے جن کے خروج اور دوبارہ داخلے کے ویزوں کی میعاد کرونا وائرس کی وجہ سے سعودی عرب میں پروازوں کی معطلی کے دوران میں ختم ہوگئی ہے۔سعودی عرب نے مارچ کے وسط میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے بین الاقوامی پروازوں کی آمد ورفت پر پابندی عاید کردی تھی۔سعودی حکومت نے مئی کے آخر میں معمولاتِ زندگی کی بحالی کے لیے مرحلہ وار منصوبے کا اعلان کیا تھا اور پھر 21 جون کو معمول کے حالات کی جانب واپسی کا اعلان کیا تھا۔اس نے 31 مئی کو اندرون ملک پروازوں پرعاید پابندی ختم کردی تھی۔ تاہم سعودی عرب میں بین الاقوامی پروازوں کی آمد اور وہاں سے روانگی پر پابندی ابھی برقرار ہے۔سعودی عرب کے محکمہ شہری ہوابازی نے جون کے وسط میں کہا تھا کہ وہ بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کا جائزہ لے رہا ہے لیکن گذشتہ ہفتے اس نے کہا تھا کہ اس نے ابھی بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔