واشنگٹن (آن لائن)امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے 2000 سے لیکر اب تک پاکستان کو ساڑھے 8 ٹریلین سے زائد امداد دے دی ہے اور یہ امریکی امداد قرضہ نہیں گرانٹ ہے، پاکستان اور امریکہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات 70 سال پرانے ہیں جو خوشحالی اور باہمی احترام پر مبنی ہیں، پاکستان کے ساتھ تعلقات میں کوئی تناؤ نہیں ہے ۔ملکی و غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ امریکہ نے ہمیشہ
پاکستان کی عوام کی ترقی اور خوشحالی کو اہمیت دی ہے، تعلیم اور صحت میں امریکا برسوں سے پاکستان کے ساتھ ہے،امریکا نے 2000 سے اب تک پاکستان کو ساڑھے 8 ٹریلین سے زیادہ امداد دی اور پاکستان کے لیے امریکی امداد قرضہ نہیں گرانٹ ہوتی ہے، ترجمان نے خطے میں قیام امن کی پاکستانی کاوشوں کو سراہا ہے ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں ترقی اور خوشحالی کیلئے میں پاکستان کا اہم کردار ہے ،مسئلہ کشمیر کا حل صرف دو طرفہ بات چیت سے ممکن ہے۔